آخری پانچ اوورز کا میچ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے، شیخ رشید کی حکومت سے متعلق اہم پیش گوئی

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ آخری پانچ اورز کا میچ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ عدالتی حکم عدولی ہو چکی ہے ،نافرمانی اور توہین عدالت کا عندیہ دے دیا گیا ہے، جس کے ریڈار میں شہبازشریف اور کابینہ آسکتے ہیں ،پاکستان کی کابینہ ہی عدالتی فیصلے سے انکارکی جرأت کرسکتی ہے، نااہل لوگ قانون سازی کر رہے ہیں، 12 روز سے کابینہ ہر روز ایسے بیٹھ رہی ہے جیسے داتا دربار میں نیاز بانٹی جارہی ہے، ان کے پاس سوائے الیکشن کے ہر کام کے لیے پیسے ہیں، غریب کے پاس کفن دفن کے پیسے نہیں اور وزیراعظم نے 10 توڑے آٹے کی دکان کھول رکھی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کا شکنجہ انتہائی گہرا اورسخت ہوتا ہے، نواز شریف پاکستان نہیں آئیں گے اور لندن واپس جائیں گے، کیونکہ شہباز شریف ان کی خواہشیں پوری نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس اعجاز افضل نے والیم 10 کے ٹکر چلا دیئے ہیں اور والیم 10 کی گلی کوچے میں لوٹ سیل لگنے والی ہے،سپریم کورٹ نے ان کی 8 رکنی لارجر بینچ کی خواہش بھی پوری کردی ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کے آخری پانچ اورز کا میچ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔