اسلام آباد ( اے بی این نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں یا ڈیڈلاک برقرار ہے؟ مذاکرات کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آنے کے باعث صورتحال تاحال غیر واضح ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے اور بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے گفتگو کی۔ محمود خان اچکزئی نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی، اس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر کوئی اعلان یا فیصلہ ممکن نہیں۔ حکومت کو بتایا جائے گا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ہی اپوزیشن اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے وقفے کے دوران محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے درمیان بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر لانگ مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری جانب ایک ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور تحریری معاہدے کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد اس پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
یوں مذاکرات کے حوالے سے ایک جانب وقتی ڈیڈلاک اور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کو حتمی فیصلے سے مشروط قرار دیا جارہا ہے، جبکہ دوسری جانب مذاکرات میں پیش رفت اور تحریری معاہدے کی تیاری کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں:مذاکرات یا لانگ مارچ ختم کرنے کا بہانہ؟ شیر افضل مروت نے بڑا دعویٰ کردیا















