اسلام آباد ( اے بی این نیوز )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سپریم کورٹ بار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرکے آئین منسوخ کردیا، الیکشن کمیشن کسی بھی صورت میں انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کرانے لازم ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی مینڈیٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے آئین وسپریم کورٹ کے فیصلےکی غلط تشریح کی، آئین کے تحت نگران حکومت بھی 90 دن سے زیادہ قائم نہیں رہ سکتی۔ سپریم کورٹ بار کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کی آئین کی کھلی خلاف ورزی ملک میں انتشار پھیلائےگی، تمام آئینی ادارے آئین منسوخ نہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کریں۔















