اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرنے پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مجوزہ توسیع سے مزید 73 لاکھ شہریوں کو پیٹرول پر مالی ریلیف ملنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی منظوری نہیں دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے مطابق 27 اکتوبر کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فیول ریلیف اسکیم کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین نمائندوں پر مشتمل چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں کیا طے ہوگا؟
کمیٹی کا بنیادی مقصد فیول ریلیف اسکیم سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے تجاویز مرتب کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے حوالے سے بھی تجاویز تیار کی جائیں گی۔
موجودہ اسکیم کے تحت کتنا ریلیف مل رہا ہے؟
– موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے ریلیف۔
– 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن بعد ایک ہزار روپے ریلیف۔
– فی لیٹر 100 روپے تک سبسڈی کی بنیاد پر ریلیف۔
– اسکیم غیر تجارتی گاڑیوں اور ایک صارف کی ایک گاڑی تک محدود ہے۔
کیا 2 کروڑ شہریوں کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا؟
تاحال نہیں۔ مستفید افراد کی تعداد ایک کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم توسیع کی حتمی منظوری، نئی اہلیت اور عمل درآمد کی تاریخ کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
حکومتی کمیٹی کی سفارشات کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ مزید کون سے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
مزیدپڑھیں: قطر کی جانب سے پاکستانیوں کو مفت 30 روزہ ویزا‘ کی پیشکش















