کراچی(نیوزڈیسک) بفروزن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او تیموریہ خالد حسین سومرو نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ سمیر کے نام سے ہوئی جو رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا جبکہ واقعہ بفرزون سیکٹر پندرہ اے ون میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق سمیر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ کار میں سوار ہو رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا اور لوٹ مار کر رہے تھے کہ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ایس ایچ او تیموریہ کا کہنا ہے کہ مقتول سمیر نے بھی اپنے پاس موجود اسلحے سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اس کے ساتھی موقع سے اپنے ہمراہ لیجانے میں کامیاب ہوگئے۔انہوں نےبتایا کہ ڈاکوؤں نے نارتھ ناظم آباد روٹ ٹو کے بس اسٹاپ کے قریب اپنے زخمی ساتھی کو رکشے میں بٹھاکر عباسی شہید اسپتال بھیج دیا جو راستے میں ہی ہلاک ہوگیا جبکہ وہ خود موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول سمیر کے ہمراہ موجود خاتون نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کو پہچان لیا ہے جبکہ ہلاک ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔















