اسلام آباد(اے بی این نیوز )امریکی سفارتخانہ کے ایک وفد نے کمرشل قونصلر ایرون فش مین کی قیادت میں ملٹی نیشنل بیوریج کمپنیوں کے نمائندوں کے ہمراہ ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا جمعہ کو دورہ کیا ۔ اس موقع پر وفد نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے ملاقات بھی کی۔چیئرمین ایف بی آر نے وفد کو خوش آمدید کہا اور تجارت اور کاروباری سہولتوں کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون پر روشنی ڈالی۔وفد نے مشروبات کی صنعتوں پر نئے ٹیکس کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ معاون خصوصی اور چیئرمین ایف بی آر نے کمپنیوں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی، مالیاتی اور محصولات کے شعبوں میں امریکہ کے ساتھ شراکت کو بھی سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی نے بھی شرکت کی۔ ایف بی آر ٹیم نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔















