اسلام آباد (اے بی این نیوز) اے بی این نیوز نے مبینہ فراڈ میں ملوث پیٹرول پمپس کا سراغ لگا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مبینہ دھندے میں چار پیٹرول پمپس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرین کے مطابق انہیں انہی چار پیٹرول پمپس کی نشاندہی کرائی گئی، جن کے ذریعے مبینہ طور پر سرمایہ کاری یا لین دین کرایا گیا۔ ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ گلبرگ گرینز میں واقع ایک بین الاقوامی کمپنی کا پیٹرول پمپ بھی انہیں دکھایا گیا۔
اسی طرح راولپنڈی کے پرانے ائیرپورٹ کے سامنے موجود پیٹرول پمپ کے بارے میں بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس مبینہ نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ متاثرین کے مطابق ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب واقع پمپ بھی اسی معاملے میں شامل بتایا گیا ہے۔مزید یہ کہ متاثرہ شخص کے مطابق بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے ٹو میں موجود پیٹرول پمپس کو بھی اس مبینہ فراڈ کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ؟ اہم خبر سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں سامنے آنے والے 12 ارب روپے کے مبینہ پیٹرول انویسٹمنٹ اسکینڈل میں نیا اہم موڑ آ گیا ہے۔ اس کیس کے مرکزی ملزم عادل اکرام سے متعلق بھی نئی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل اکرام اس سے قبل اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر تھا، تاہم بعد ازاں کے پی پولیس اسے ایک اور مقدمے کے سلسلے میں خیبر پختونخوا لے گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسے مبینہ طور پر باونس چیک کیس میں منتقل کیا گیا ہے۔حکام کی جانب سے اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مبینہ فراڈ میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔















