وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ( maryum nawaz )نےاے بی ا ین نیوز کی خبر پر فوری نوٹس لیتے( CMAction ) ہوئے فیصل آباد کے کمشنر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ پیر محل میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک کمسن بچہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہو گیا جس پر وزیراعلیٰ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ پیر محل کے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا جہاں آوارہ کتے کے حملے کے بعد بچے کی حالت تشویشناک ہو گئی تھی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو آوارہ کتوں کے خلاف مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کی جان کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے، حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
واقعے نے ایک بار پھر شہری علاقوں میں آوارہ کتوں کے مسئلے کو اجاگر کر دیا ہے، عوامی حلقوں کی جانب سے فوری ایکشن اور مستقل حل کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔















