اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ 9 سے 12 جون کے دوران اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت معمول سے زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں یہ 4 سے 6 ڈگری تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
لاہور، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید گرمی کے ساتھ گرد آلود ہواؤں کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ چترال، دیر اور بالائی علاقوں میں شام یا رات کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا اور دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام کے وقت جی بی میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے حوالے سے بھی خبردار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں فیڈرل فلڈ کمیشن کا اجلاس وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو کی صدارت میں ہوا، جس میں سیکرٹری آبی وسائل اور چیئرمین فلڈ کمیشن سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں مون سون سے قبل کی تیاریوں اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جولائی سے ستمبر کے دوران معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے، خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ شمالی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کم ہو سکتی ہے جبکہ ملک بھر میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے سے مختلف موسمی خطرات بڑھ سکتے ہیں اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ موجود ہے۔