کراچی(نیوزڈیسک)سندھ حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے کمبل مبینہ طور پر ملک بھر میں آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔اس سلسلے میں لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ علی نے آن لائن آرڈر جاری کرنے پر ڈیلیور کمبلوں کی ویڈیو بنا کر وائرل کردی۔لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشست پر 2018 میں پنجاب اسمبلی کی رکن بننے والی شمسہ علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ریلیز کی۔شمسہ علی جو سپریم کورٹ میں وکیل اور قانون دان بھی ہیں نے ویڈیو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے چند روز قبل 2 کمبل آن لائن آرڈر کیے تھے۔شمسہ علی نے ویڈیو میں کمبل آن لائن آرڈر کرنے کی رسید بھی دکھائی ۔ویڈیو میں انہوں نے ڈیلیور کیے گئے کمبل بھی دکھائے جن میں سے ایک کمبل کا ٹیگ کاٹ کر غائب کیا جاچکا تھا جبکہ دوسرے کمبل کا ٹیگ موجود ہے جس پر سندھ حکومت کا مونوگرام اور فلڈ ریلیف تحریر ہے۔