لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE) نے ڈی اے ای، ڈی کام، ہوٹل آپریشنز اور اسپیشل ایجوکیشن کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
بورڈ کے مطابق ڈی اے ای کے امتحان میں 21 ہزار 929 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 15 ہزار 532 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 70.82 فیصد رہا۔
ڈی کام کے امتحان میں 8 ہزار 900 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 6 ہزار 410 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 72.02 فیصد رہا۔
ڈی اے ای میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ملتان کے نجف علی نے 96 فیصد نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی بھکر کے ایم عمار خان اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار ویمن سرگودھا کی آرزو شاہد بھٹی نے 95.94 فیصد نمبروں کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈی کام میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ایمان فاطمہ نے 1300 میں سے 1195 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سید حسین رضوان نے 1188 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس مانکیرا کی مصباح پروین نے 1174 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
PBTE کے مطابق نتائج امیدواروں کے لیے آن لائن جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں طلباء اپنے نمبرز اور امتحانی نتائج چیک کر سکتے ہیں۔ چیئرمین PBTE ڈاکٹر فیصل محمود نے تقریب کے دوران بٹن دبا کر نتائج کا باضابطہ اعلان کیا، تقریب میں بورڈ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
مزیدپڑھیں: موٹرسائیکل سواروں کو 600 روپے کا پیٹرول ڈالوانے پر صرف100 روپے ادا کرنے ہوں گے















