اہم خبریں

عمران خان کی امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد

اسلام آباد ( اے بی این نیوز      )عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیت پر مبارکباد دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما زلفی بخاری نے عمران خان کی جانب سے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں زلفی بخاری نے لکھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے ہم ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس کو جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے یہ عظیم فتح حاصل کی، جو حقیقی تبدیلی اور معاشی استحکام کے لیے ایک واضح آواز ہے۔

زلفی بخاری نے امید ظاہر کی کہ اب عالمی مسائل کے حل کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں امید ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے، اور ہماری دعا ہے کہ اب پوری دنیا میں امن اور خوشحالی آئے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت جمہوریت کی فتح ہے، جسے دیکھ کر سب کو امید ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے میدان مار لیا ہے اور ڈیموکریٹس کی کملا ہیرس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

عمران خان کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو زلفی بخاری کی مبارکباد اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو امید ہے کہ ٹرمپ عمران خان کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔

مزید پڑھیں :لاہور سے سموگ کے بادل نہ چھٹے، آلودہ ترین شہروں میں پہلا نمبر برقرار

متعلقہ خبریں