کراچی (نیوزڈیسک)حکومتِ سندھ کی ترجمان و ایم پی اے سعدیہ جاویدنےخالد مقبول صدیقی کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی مایوس ترین سیاستدان ہیں، انہیں ہر طرف اندھیرا نظر آتا ہے.
اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی کا ماضی اچھا نہ حال، مستقبل بھی تاریک ہے، خالد مقبول صدیقی 10 بار وزیر بنے، بتائیں کراچی کے لیے کیا کیا؟
انہوں نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی آج بھی دو وفاقی وزارتوں پر برجمان ہیں لیکن کراچی کے لیے کنٹریبیوشن زیرو ہے،خالد مقبول اور ان کی پیراشوٹ پارٹی جس دن منفی سوچ سے باہر نکلے ان کی سیاست ختم ہوجائے گی.
ترجمان کے مطابق حکومتِ سندھ جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این سی ایچ اور ایس آئی یو ٹی کو اربوں روپے کا بجٹ دیتی ہے،سندھ کی اسپتالوں میں بہتر و مفت علاج معالجے کی وجہ سے پورے ملک سے مریض آتے ہیں.
انہوں نے کہاکہ حکومتیں اور مخیر حضرات پوری دنیا میں مِل کر فلاحی کام کرتے ہیں، جو کوئی اچنبھے کی بات نہیں، قربانی کے جانوروں کی کھالیں چھیننے اور بھتہ خوری میں ملوث لوگوں کو فنڈ ریزنگ کا فلسفہ سمجھ میں نہیں آئے گا.
سعدیہ جاوید نے کہاکہ اگر سندھ کی اسپتالوں میں ملک بھر کے مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے، تو خالد مقبول کی پیٹ میں مروڑ کیوں؟خالد مقبول صدیقی اور ان کا ٹولہ اب کراچی کا افسوسناک و شرمناک ماضی ہیں.
ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی اور ان کا ٹولہ کراچی میں نفرت،خونریزی اور دہشتگردی کی علامت ہیں،کراچی اب بہت آگے نکل چکا، جہاں خالد مقبول صدیقی اور ان کی پیراشوٹ پارٹی غیرمتعلقہ بن چکے.















