اہم خبریں

معاشی مفاد کو انسانیت پر ترجیح دینا بے ضمیری ہے۔ سلطان احمد علی

اسلام آباد(نامہ نگار) اولیا کی تلقین کے مطابق رسول پاک ﷺ کی محبت و تعظیم زندگی کے ہر پہلو میں شامل ہونی چاہیے۔ حضور پاک ﷺ کا ادب و تعظیم صحابہ اکرام، اہل بیت، تابعین اور اسلاف کا شعار تھا۔ یہ تعظیم اس دنیامیں بھی اوربرزخ وآخرت میں بھی انسان کی نجات کاذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار دیوان آف جونا گڑھ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے دربارَ عالیہ حضرت سخی سلطان باھوؒ سے وابستہ اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے تحت حضرت سلطان محمد علی کی زیر صدارت سالانہ “میلاد مصطفے ﷺ و حق باھوؒ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے مزید کہا کہ ہمیں اس دنیاکےساتھ ساتھ برزخ اورآخرت کی زندگی کومدنظر رکھنا چاہئے اور یہ وہ سوچ ہےجو انسان کوابدی کامیابی نصیب کرتی ہے اور انسانی معاشرہ انسانیت کی قدرکرتا ہے۔بدقسمتی سے آج کےدور میں انسانوں پر معیشت کو برتری دے دی جا رہی ہے۔ مادی ومعاشی مفادات کیلئے انسانی خون کو نظر انداز کیا جا رہاہے ۔ تعلیماتِ اولیاء معرفت و فقر کی تعلیمات ہیں۔ تصوف کا مقصود علامہ اقبال نے بیان فرمایا ہے کہ فقر کا مقصود ہے عفت قلب و نگاہ۔ ہمیں اپنی دین درس گاہوں اور جامعات میں جدید علوم اور روحانی علوم دونوں کی تعلیمات دینی چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کےکردار اور اخلاق میں پختگی پیدا ہو۔ اللہ کا ذکرقلب کی صفائی کیلئے ضروری ہے جس کے ذریعے انسان کا باطن پاک ہوتاہےاور بصارت کےساتھ انسان کو بصیرت حاصل ہو جاتی ہے ۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے میں اسلاف کے اختیار کردہ اخلاص و اخلاق کو پھر سے اپنانے کی ضرورت ہے- اللہ تعالیٰ اپنے جلال سے زیادہ جمال پر زور دیتا ہے تاکہ انسان بھی اپنے آپس میں رحم دلی اور محبت سے پیش آئیں۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ شکم کی اہمیت اپنی جگہ ہے مگر یہ کسی طور اخلاقیات سے برتر نہیں۔ قرآن کریم نے انصاف اور عدل کی جانب رغبت دلائی ہے اور مسلمانوں کو آپس میں تنازعات میں الجھنے سے منع کیا ہے۔ انسان کی فطرت میں اخلاقِ نبوت سے محبت کرنا شامل ہے۔ سرکارِ دوعالمﷺ کی امت سے محبت کرنا خود نبی اکرم ﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔ قرآن سیکھنے اور سکھانے والا افضل ہے چنانچہ ہمیں اس کتابِ ہدایت کو سیکھنا چاہئے اور دوسروں کو سکھانا چاہئے۔ کانفرنس کے اختتام پر سرپرست اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین حضرت سلطان محمد علی صاحب نے ملکی و ملی سلامتی اور اتحاد کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔

متعلقہ خبریں