کراچی (نیوز ڈیسک) شہر قائد میں سردی کی شدید لہر برقرار ،محکمہ موسمیات نے سردی میں اضافے کی پیش گوئی کردی ،بلوچستان میں بھی بارشوں کیا نیاسسٹم داخل صوبے کے شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ، سردی کی شدت میں اضافہ ، کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،محکمہ موسمیات نے آج بھی دن بھر ٹھنڈی ہوا ئیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے، دن میں درجہ حرارت 20 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے تاہم کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوگی ۔ کراچی کی طرح ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، مغرب سے بارش برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا جہاں پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا،سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ آئندہ 2روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔زیارت میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، قلعہ سیف اللہ میں بھی برفباری کے باعث مواصلات کا نظام متاثر ہوا۔















