لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ڈرون کیمرے سے ٹریفک مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا ۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی نے ہال روڈ، مال روڈ، داتا دربار اور شاہ عالم مارکیٹ پر تجاوزات اور رانگ پارکنگ کا جائزہ لیاجبکہ ایس پی سٹی شہزاد خان، صدر ہال روڈ بابر محمود بھی موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی کا کہنا تھا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کو روڈ بلاکنگ، احتجاج کے دوران استعمال کیا جائے گا۔ ڈرون کیمرے سے روڈ انجینرنگ کے مسائل کا مشاہدہ کیااور سموگی وہیکلز، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزیوں باقاعدہ طور پر مانیٹر کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور کاکہنا تھا کہ ڈرون مانیٹرنگ سے رانگ پارکنگ، تجاوزات جیسے مسائل کی نشاندہی کی جائے گی اور ٹریفک مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ویڈیوز محفوظ کی جائیں گیں جو کہ، ٹریفک مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کوریکارڈ کے طور پر فراہم کی جائیں گی ۔ سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ اس مقصد کیلئے ٹریفک مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس یونٹ بھی تشکیل دے دیا گیاہے جس کے ذریعے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ اور دیر ماڈل روڈز پر مسلسل ڈرون مانیٹر کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ڈرون ٹیکنالوجی مانیٹرنگ سے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایا جاسکے گا۔ ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی انتہائی ضروری ہے اور ٹریفک مسائل کے ممکنہ حل کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔















