چین زلزلے سےلرز اٹھا،متعدد عمارتیں زمین بوس، 112 افراد ہلاک، ایمرجنسی نافذ

بیجنگ (نیوزڈیسک)چین کے شمال مغربی علاقے زلزلے سے لرزاٹھے ، شدید زلزلے سے متعددعمارتیں زمین بوس ، 112 افراد زلزلے کی نذرہوگئے۔چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق صوبہ گانسو میں زلزلے نے تباہی مچادی، 100 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے، ہائیڈونگ شہر میں 12 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی جبکہ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔ زلزلے کی گہرائی 35 کلو میٹر جبکہ مرکز صوبے لانزو کے دارالحکومت سے 102 کلو میٹر دور جنوب مغرب تھا۔حکام نے زلزلے کے فوراً بعد امدادی عملے کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا، متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے ریسکیو اداروں کو ہر ممکن تلاش اور بچاؤ کی کوششوں پر زور دیا ہے۔یاد رہے کہ اگست 2023 میں چین کے مشرقی علاقے میں 5.4 شدت کے زلزلے کے سبب 23 افراد زخمی اور درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔ ستمبر 2022 میں سیچوان صوبے میں 6.6 شدت کے زلزلے سے قریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔