اہم خبریں

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکیورٹی مسائل کے فوری حل کے لیے مشترکہ کمیٹیاں تشکیل

کابل (اے بی این نیوز    )پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکیورٹی مسائل کے فوری حل کے لیے مشترکہ کمیٹیاں تشکیل ،افغان وزارت خارجہ کے مطابق افغانستان مشترکہ ایکشن کمیٹیاں تشکیل دے کر مستقبل قریب میں کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کرنے کا اعادہ کرتے ہیں،یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی نے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ملاقات میں سیکیورٹی سے متعلق امور اور پاکستان میں افغان مہاجرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں افغان مہاجرین کی حراست، چمن اور اسپن بولدک کے درمیان مسافروں کے ساتھ سلوک، تاجروں کے لیے خصوصی سہولیات خصوصاً سبزیوں، پھلوں اور افغان تاجروں کے ٹرانزٹ سامان کے حوالے سے کراچی پر بات ہوئی۔افغان وزارت کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے متنازع مسائل کو مشترکہ ایکشن کمیٹیوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سیکورٹی تنازعات کی وجہ سے ہائی ویز کو بند نہیں کیا جانا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھلے عام بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان بڑی غلط فہمیوں کا باعث بنتے ہیں۔افغان حکومت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ کسی تیسرے فریق کو اعتماد کی بنیاد پر تعلقات میں رکاوٹ کا موقع نہ دیا جائے۔افغان وزیر خارجہ کی جانب سے اجاگر کیے گئے مسائل کے جواب میں، سفیر آصف درانی نے کہا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کراسنگ پوائنٹس پر پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ متعدد شعبوں میں تعاون کرنے اور افغان طلباء کے لیے تعلیمی وظائف دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو سلامتی کے مسائل پر بات چیت اور حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل قریب میں کسی بھی حادثے کو روکنے کے لیے سیکیورٹی کے محاذ پر فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں