اورمچی ( اے بی این نیوز )سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین کے صوبے شن جیانگ کی حکومت کی دعوت پہ اورمچی پہنچ گئے جہاں وہ یوریشیا ایکسپو اور کانفرنس میں شرکت کریں گے۔پاکستانی وفد اور سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے اعزاز میں مقامی قیادت کی طرف سے عشائیہ کا اہتمام گیا، جسمیں یوان لی جینگ، سنکیانگ کی عوامی حکومت کے مشیر، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چائنا ایسوسی ایشن کے نائب صدر، غیر ملکی ممالک کے ساتھ دوستی کے لیے سنکیانگ پیپلز ایسوسی ایشن کے نائب صدر نے بھی شریک تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو چین کے اعلی حکام کی طرف سے مسٹر چین کا لقب دیا گیا تھا۔ گزشتہ 16 ماہ کی حکومت میں احسن اقبال نے سی پیک کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ سی پیک کے فیز ٹو باقاعدہ طور پر آغاز بھی ہو چکا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوان لی جینگ نے احسن اقبال کی سی پیک کے لئے گرانقدر خدمات کو سراہا جبکہ انکا کہنا تھا کہ چین کے عوام سی پیک کے لئے سابق وفاقی وزیر کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔عشائیہ سے خطاب کرتے ہوے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال بندھن سے جڑی ہے جبکہ سی پیک کا فیز ٹو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پہ لے جائے گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ شن جیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان تجارتی اور تعلیمی تعلقات کو فروغ دینا ضروری ہے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ سے سی پیک آگے بڑھے گا۔سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون ریلوے کا منصوبہ بالآخر چین اور پاکستان کو بھی لنک کریگا جسکے اس پورے خطے میں بڑے مثبت نتائج ہونگے۔یاد رہے کہ گزشتہ 16 ماہ کی حکومت کے دوران سابق وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کو بحال کیا گیا تھا جبکہ اس عرصے کی دوران 11 ویں اور 12 ویں جے سی سی کی اجلاس بھی منعقد ہوئے جسمیں توانائی، گرین انرجی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں اہم پیش رفت ہوئی۔















