اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستی روز بروز گہری ہو رہی ہے اور بین الحکومتی مشترکہ کمیشن کے 11ویں اجلاس کا کامیاب انعقاد بڑھتے ہوئے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے نائب وزیر اعظم سیرک ژومنگرین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ قازقستان کا وفد نائب وزیراعظم کی قیادت میں بین الحکومتی مشترکہ کمیشن کے 11ویں اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کے سرکاری دورے پر ہے۔ وزیراعظم نے قازقستان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ ہوا بازی، سرمایہ کاری اور بینکنگ تعاون کی تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کے درمیان رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے آئی جے سی کے 11ویں اجلاس کے دوران طے پانے والے فیصلوں کو سراہا اور مشترکہ بزنس کونسل کے ہمہ وقت انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا۔ قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط آنے والے دنوں میں فروغ پاتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستی روز بروز گہری ہو رہی ہے اور آئی جے سی کا کامیاب انعقاد بڑھتے ہوئے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔