اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی حکومت نے شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے آزاد کرنے کے لیے قومی ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی، جس کے بعد آئی ایم ایف کا اہم اسٹرکچرل بینچ مارک پورا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے پالیسی کی منظوری دی۔
زوزنامہ اوصاف کو دستیاب معلومات کے مطابق شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری سے قبل سندھ حکومت نے بعض اقدامات پر تحفظات ظاہر کیے تھے، تاہم آئی ایم ایف نے اس اسٹرکچرل بینچ مارک کی تکمیل کے لیے سندھ حکومت کی رضامندی کو ضروری قرار دیا تھا۔ سندھ حکومت نے 21 نومبر 2026 کے خط کے ذریعے پالیسی کے مسودے سے اتفاق کیا، جس کے بعد وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی گئی۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان پہلے ہی پالیسی اقدامات کی توثیق کر چکے تھے۔
نئی پالیسی کے تحت ملک میں نئی شوگر ملیں لگانے اور ملوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں گی، جبکہ چینی کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول بھی ختم کرنے کی تجویز ہے۔ تاہم چینی کا بفر اسٹاک برقرار رکھنا ہوگا۔ پالیسی میں چینی کی درآمد و برآمد کے لیے قابل پیش گوئی طریقہ کار متعارف کرانے، برآمدی سبسڈی ختم کرنے اور بین الصوبائی نقل و حرکت کی اجازت دینے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
پالیسی کے تحت گنے کی کاشت کے زونز اور مخصوص اقسام سے متعلق پابندیاں ختم کر دی جائیں گی اور کاشتکار اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے۔ گنے کی قیمت کا تعین بھی حکومتی نرخوں کے بجائے مارکیٹ میکنزم کے تحت کیا جائے گا۔ ملوں کو خام مال کا ذریعہ خود منتخب کرنے کی آزادی ہوگی، جبکہ ممنوعہ گنے کی اقسام کے حوالے سے نیگیٹو لسٹ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پالیسی میں 2026-27 کے کرشنگ سیزن کے لیے عبوری انتظام بھی تجویز کیا گیا ہے۔ نئی اصلاحات کا مقصد شوگر انڈسٹری میں حکومتی مداخلت کم کرکے آزادانہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا نوٹس، وزرا کو سیاسی بیان بازی سے گریز کی ہدایت















