اسلام آباد (اے بی این نیوز) خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کی وفاقی کابینہ سے کل منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے الگ الگ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال۔
ملاقات میں وزیر اعظم کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء الّلہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔
سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے صدر مملکت کی معاونت کی۔
اجلاس میں منگل اکتوبر 13 کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
—-
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 10, 2026
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اہم وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر اور شیری رحمان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ عوام کے تحفظ کے لیے وفاق کی جانب سے اہم اختیارات استعمال کرنے اور آئین کے آرٹیکلز 232 سے 234 کے تحت مختلف آئینی آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاحال فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ اور متعلقہ آئینی مراحل سے مشروط ہے۔
مزید پڑھیں:کسانوں کے لیے بڑی خوشخبری، گندم کی کاشت کے لیے سبسڈی اسکیم کا آغاز















