اہم خبریں

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے اہم اقدامات، پاکستانی سفیر کا بڑا بیان

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے اہم اقدامات، پاکستانی سفیر کا بڑا بیان

باکو، اسلام آباد (رضوان عباسی) آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کے تحت متعدد اشیاء پر ٹیرف رعایتیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (ٹی ٹی اے) نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آزرتاج کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ تجارت کو مزید مؤثر اور بروقت بنانے کیلئے کسٹمز قوانین و ضوابط کو ہم آہنگ کرنے اور کمرشل بینکوں کے درمیان تعاون کا طریقہ کار بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

قاسم محی الدین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کے مقابلے میں دوطرفہ تجارت کا حجم ابھی مطلوبہ سطح تک نہیں پہنچا، تاہم دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کو مزید قریب لانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اہم معاہدوں پر عملدرآمد کے بعد باکو سمیت پاکستان کے مختلف تجارتی مراکز میں کاروباری برادری کے درمیان کاروبار سے کاروبار روابط میں تیزی آئی ہے۔ پاکستان کے معروف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری تنظیموں کے وفود باقاعدگی سے باکو کا دورہ کر رہے ہیں اور آذربائیجانی ہم منصبوں سے ملاقاتوں کے ذریعے نئے کاروباری مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسی طرح آذربائیجان کے ممتاز تاجر بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ٹھوس کاروباری مواقع تلاش کرنے اور پائیدار تجارتی شراکت داریاں قائم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاسوں میں بھی اس معاملے کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔

قاسم محی الدین نے زور دیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کا مشترکہ مقصد مضبوط سیاسی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹھوس، قابلِ عمل اور پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں‌:اطالوی سفیر اوگو چیاراتانی کی فہد ہارون سے ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا پر اہم تبادلہ خیال

متعلقہ خبریں