اسلام آباد (اے بی این نیوز) پمز اسلام آباد کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر محمد سلمان نے پمز کے مختلف شعبوں کے سربراہان کا اجلاس طلب کیا، جس میں ہسپتال انتظامیہ کے افسران اور مختلف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ہسپتال سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔
حکومت نے اعتماد کرتے ہوئے اہم ذمہ داری دی، مشکل حالات میں چارج لیا، چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، مسائل حل کریں گے، کوشش کرینگے ایسا واقعہ آئندہ نہ ہو، مریضوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، پمز اسپتال کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان کی گفتگو۔۔!! pic.twitter.com/3PMr8ATIzg
— Khurram Iqbal (@khurram143) August 30, 2026
ڈاکٹر محمد سلمان نے پمز میں حالیہ پیش آنے والے دو واقعات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ پمز میں مریضوں کا غیر معمولی دباؤ ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں آنے والے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کے لیے طبی سہولیات اور دیگر انتظامات بہتر بنانے کے معاملے پر وزارت صحت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پمز نرسری سانحے سے متعلق انکوائری رپورٹ تاحال وزارت صحت کی ویب سائٹ پر جاری نہیں ہوسکی، حالانکہ وزیراعظم کی جانب سے رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایئر بلیو کے خلاف احتجاج، اوور بکنگ کا معاملہ سامنے آگیا















