اسلام آباد (اے بی این نیوز) نجی ایئر لائن ایئر بلیو کی جانب سے مبینہ اوور بکنگ کے باعث مسافروں کو بورڈنگ سے انکار کیے جانے پر تقریباً 60 مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ مسافروں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔
متاثرہ مسافر اعظم خان کے مطابق وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ پرواز کے مقررہ روانگی وقت سے قبل ہی ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے، تاہم مسافروں کو پرواز کی روانگی سے صرف ڈیڑھ گھنٹہ قبل مبینہ اوور بکنگ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
مسافروں کے مطابق بعد ازاں انہیں دبئی جانے والی دوسری پرواز میں نشستیں فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی، تاہم متبادل انتظامات کے لیے اضافی چارجز ادا کرنے کو کہا گیا۔
متاثرہ مسافروں کا کہنا تھا کہ صورتحال کے باعث بالخصوص دبئی میں مقیم اور کام کرنے والے خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ کئی مسافروں کے ہمراہ اسکول جانے والے بچے بھی موجود ہیں اور انہیں چھٹیاں ختم ہونے کے بعد مقررہ وقت پر دبئی واپس پہنچنا ہے۔
مسافروں نے ایئرپورٹ انتظامیہ، متعلقہ ہوابازی حکام اور ایئر بلیو انتظامیہ سے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ مسافروں نے حکام پر زور دیا کہ اگر واقعے میں ہوابازی کے ضوابط یا مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں:ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ کا بڑا فیصلہ، امیدوار کا نام فائنل















