مظفرآباد (اے بی این نیوز) صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق بھی شریک تھے۔ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی پروگرام وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا۔
نواز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو معیاری صحت و تعلیم، بہتر سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کا دائرہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بھی ترقی کے ثمرات ملنے چاہئیں۔ نوجوانوں کے لیے تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
انہوں نے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں ایسے اقدامات شامل کرنے پر زور دیا جن کے اثرات براہ راست عام شہری کی زندگی میں نظر آئیں۔ نواز شریف نے منصوبوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے وفاق اور آزاد کشمیر حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی مواقع بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دینے اور 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں:نواز شریف سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، کشمیری عوام کے لیے بڑی خبر















