اسلام آباد (اے بی این نیوز ) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط ارسال کرتے ہوئے 27 جولائی 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کو موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کرنے کی درخواست کر دی۔
اپنے خط میں سردار محمد یعقوب خان نے مؤقف اختیار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی خراب صورتحال، حالیہ ناخوشگوار واقعات اور جانی و مالی نقصان کے باعث 27 جولائی کو مقررہ عام انتخابات کا پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد انتہائی مشکل دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50(7) اور الیکشنز ایکٹ 2020 کے سیکشن 53 کے تحت الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف، آزادانہ اور محفوظ ماحول میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے اور ہنگامی حالات میں اپنے قانونی اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کرنے پر غور کرے۔
خط میں کہا گیا کہ جمہوری انتخابات کا مقصد محض مقررہ تاریخ پر پولنگ کرانا نہیں بلکہ عوام کو خوف و ہراس سے پاک ماحول میں آزادانہ طور پر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لے، سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 27 جولائی کو انتخابات کے پرامن انعقاد سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کرے اور زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز سے ہنگامی مشاورت کرے۔
سردار محمد یعقوب خان نے اپنے خط میں مطالبہ کیا کہ 27 جولائی 2026 کے عام انتخابات کو مناسب مدت کے لیے ملتوی کیا جائے، تاکہ حالات بہتر ہونے کے بعد انتخابات پرامن، آزادانہ اور شفاف ماحول میں منعقد کرائے جا سکیں۔
مزید پڑھیں۔تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں اضافے بارے بڑی خبرآگئی















