اسلام آباد(اے بی این نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی روزانہ اشاعت کے نظام کے نفاذ کیلیے تیار ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے نظام پر انڈسٹری شراکت داروں سے مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں انڈسٹری نے نظام کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں اوگرا، او سی اے سی، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز، او ایم سیز اور پیٹرولیم ڈویژن حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ مصنوعات کی قیمتوں کا تعین شفاف فارمولے سے مارکیٹ کی حقیقی صورتحال دیکھتے ہوئے کیا جائے گا، منافع خوری، استحصال اور غیر معمولی مالی فوائد حاصل کرنے کی گنجائش کم کر رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو سیاسی مصلحتوں کے باعث قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھا جا سکے، اصلاحات حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ڈی ریگولیشن متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ حکومتی مداخلت میں کمی لائی جائے۔
اجلاس میں اوگرا، او سی اے سی، اومیپ، ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے نئے نظام پر تجاویز پیش کیں۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ روزانہ قیمتوں کے نفاذ کیلیے ایس او پیز صنعت اور اوگرا کی مشاورت سے تیار کی جا رہی ہیں۔
اوگرا حکام نے بتایا کہ ادارہ روزانہ قیمتوں کے نئے نظام کے نفاذ کیلیے مکمل تیار ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی بروقت اشاعت کیلیے اپنے نظام کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔
اجلاس میں سپلائی چین، ذخائر کے انتظام اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ روزانہ قیمتوں کے نفاذ کیلیے خصوصی کمیٹی قائم اور مسائل اتفاق رائے سے حل کیے جائیں گے، پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا کو صنعت سے مزید مشاورت کرنے اور تکنیکی امور کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی، حکومت عوامی مفاد کے ساتھ پیٹرولیم صنعت کے پائیدار استحکام کیلیے پُرعزم ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لئے سفری انتباہ جاری کردیا















