کراچی (اے بی این نیوز) کے الیکٹرک نے 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے محفوظ زمرے (Protected Category) کے صارفین سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ کیٹیگری کی سہولت فوری یا مستقل طور پر ختم نہیں ہوتی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اگر کوئی غیر TOU صارف ایک ماہ میں 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کر لیتا ہے تو اسے مستقل طور پر محفوظ زمرے سے خارج نہیں کیا جاتا۔ ایسے صارفین مسلسل 6 ماہ تک 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کر کے دوبارہ محفوظ کیٹیگری حاصل کر سکتے ہیں۔
کے الیکٹرک نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا وہ دعویٰ درست نہیں جس میں کہا گیا تھا کہ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر صارف کو ہمیشہ کے لیے محفوظ زمرے سے نکال دیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ محفوظ کیٹیگری سے متعلق شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، لہٰذا صارفین غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے صرف کے الیکٹرک کے مستند اور سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
مزید پڑھیں: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ،پاکستان انڈر 19 ویمن نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی















