لاہور(اے بی این نیوز)سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سفر کے دوران ایک خاتون کا عبایا اچانک پچھلے ٹائر میں پھنس گیا جس کے باعث وہ مشکل صورتحال سے دوچار ہو گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبایا کو احتیاط سے کاٹ کر ٹائر سے نکالا اور خاتون کو محفوظ طریقے سے اس مشکل صورتحال سے باہر نکالا۔ پولیس اہلکاروں نے شہریوں، بالخصوص خواتین کو ہدایت کی کہ موٹر سائیکل پر سفر کے دوران اپنے کپڑوں،عبایا اور دوپٹے کو اچھی طرح سنبھال کر رکھیں تاکہ وہ ٹائر یا چین میں پھنسنے سے محفوظ رہیں اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ متعدد صارفین نے پولیس کی بروقت مدد اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا جبکہ دیگر نے موٹر سائیکل پر سفر کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
کئی صارفین نے اس حوالے سے مختلف آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو موٹر سائیکل پر سفر کے دوران اپنے کپڑوں، خصوصاً عبایا اور دوپٹے کا خاص خیال رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔چند صارفین نے اپنے ذاتی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسی نوعیت کے واقعات میں دوپٹہ یا کپڑا موٹر سائیکل کے پرزوں میں پھنسنے کے باعث سنگین حادثات اور جانی نقصان تک کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات میں احتیاط سے متعلق مشورے دینے پر بعض اوقات منفی ردعمل سامنے آتا ہے اور الزام تراشی کی جاتی ہے کہ یہ باتیں خواتین کو ہراساں کرنے یا ان کے خلاف غلط تاثر دینے کے مترادف ہیں، حالانکہ مقصد صرف حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسکولوں میں نیا معیاری ٹیم ٹیبل نافذ















