اہم خبریں

بڑی خبر، امریکا ایران معاہدے پر خواجہ آصف کا اہم عندیہ

بڑی خبر، امریکا ایران معاہدے پر خواجہ آصف کا اہم عندیہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انشاء اللہ ایک دو روز میں امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں امریکا ایران ممکنہ ڈیل پر نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سن رہے ہیں کہ امریکا ایران ڈیل کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کر رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس ڈیل کو اسلام آباد پیکج کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور خطے کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، کسی ملک کی مثال نہیں ملتی جس نے اتنی بڑی تباہی اور جنگ کو روکا ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت قدمی سے مذاکرات کیے، طویل مذاکرات ہوئے، جس میں بہت سی مشکلات تھیں۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دونوں فریقین کو میز پر لایا تاکہ مذاکرات میں رکاوٹ نہ آئے، انشاء اللہ ایک دو روز میں معاہدہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اوقات میں اسرائیل نے منفی اور تباہ کن کردار ادا کیا، اسرائیل نے لبنان کے اندر معصوم بچوں اور شہریوں کو شہید کیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی خواہش اور کوشش تھی کہ تنازع جاری رہے، وہ امریکا کو اس خطے میں مصروف رکھنا چاہتا ہے، میرے خیال میں امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے عالمی رہنما کے طرز عمل کی مثال قائم کی، ایرانیوں نے اپنی 5، 6 ہزار سالہ تاریخ خود بنائی، ایران نے بہادری اور وطن سے محبت کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا، خلیجی ممالک نے بڑی تحمل کا مظاہرہ کیا، امن قائم کرنے کا اعزاز بھی ایک مسلم ملک پاکستان کے حصے میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن اور اسرائیل کی شکست میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ فطرت کا قانون ہے کہ امن قائم ہونا چاہیے اور بات چیت سے ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جلد پرامن صورتحال کا امکان ہے۔ مسائل کا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا۔ جنگوں یا خونریزی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
مزید پڑھیں‌:ایران امریکا معاہدہ قریب؟ عباس عراقچی نے اہم اشارہ دے دیا

متعلقہ خبریں