لاہور: پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران لاہور سمیت متعدد اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کے باعث تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا کہا گیا ہے۔ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشینری اور عملے سمیت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری طور پر سامنا کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی ختم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، لٹکتی ہوئی تاروں، خستہ حال عمارتوں اور کچے مکانات سے دور رہیں۔ والدین کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو نشیبی علاقوں یا بارش کے پانی کے قریب جانے سے روکیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صورتحال کی نگرانی چوبیس گھنٹے جاری ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی مدد یا معلومات کے لیے شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔















