بدین (اے بی این نیوز)بدین میں پیٹرول پمپ بند کیے جانے کے بعد جیئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو کے خلاف حیسکو نے بجلی چوری کا مقدمہ درج کر دیا۔
حیسکو کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ریاض چانڈیو سمیت دیگر افراد کے خلاف بجلی چوری کے الزامات پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حیسکو کے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) آفتاب احمد کی مدعیت میں قاسم آباد تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیکنگ کے دوران غیر قانونی تاریں نصب پائی گئیں، جن کے ذریعے براہِ راست کنڈا لگا کر حیسکو کی لائن سے بجلی حاصل کی جا رہی تھی۔ حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بجلی کے غیر قانونی استعمال کے شواہد ملے، جس کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں الیکٹرسٹی ایکٹ 2016ء اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب ریاض چانڈیو نے مقدمے کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر ریاست گھبرا گئی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ان کے گھر پر سولر سسٹم نصب ہے اور بجلی کے میٹر کے حصول کے لیے باقاعدہ درخواست بھی دی جا چکی ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروز بدھ 10 جون سونے کی تازہ ترین قیمت















