اہم خبریں

تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں کب ہونگی؟تاریخ سامنے آگئی

لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کے باعث تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں معمول سے پہلے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مئی، جون اور جولائی کے لیے جاری ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا، جبکہ ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات 27 سے 29 مئی تک متوقع ہیں، جبکہ 30 اور 31 مئی کو ہفتہ وار تعطیلات ہونے کے باعث طویل وقفہ بن جائے گا۔ اسی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکول 27 مئی سے ہی بند کر دیے جائیں گے، حالانکہ معمول کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں۔

دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں میں کمی کی تجویز دی ہے تاکہ تعلیمی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 کی جا سکے۔

ادھر نجی اسکولوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران صبح 7 سے 10 بجے تک سمر کیمپس چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق گرمیوں کی چھٹیوں کے حتمی شیڈول کا اعلان موسم کی صورتحال اور رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: امریکا ،ایران جھڑپوں کے بعد متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملے

متعلقہ خبریں