اسلام آباد( اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث ریڈ زون اور اس کے توسیعی علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے جامع متبادل ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے آئندہ اطلاع تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا جب کہ مختلف اوقات میں شاہراہ سری نگر پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دنوں میں اسلام آباد کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ ٹریفک پلان کے تحت جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی راولپنڈی جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور نائنتھ ایونیو کا استعمال کریں جب کہ فیصل ایونیو اور زیرو پوائنٹ سے آنے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ہیوی ٹریفک کے لیے جاری کردہ خصوصی ہدایات کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا موٹر وے، چکری انٹر چینج اور چک بیلی روڈ کے راستے روات جی ٹی روڈ جا سکیں گی۔ اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک روات سے چک بیلی روڈ کا راستہ اختیار کرے گی۔
انتظامیہ نے مشورہ دیا ہے کہ بہارہ کہو کے رہائشی کورنگ روڈ اور بنی گالہ استعمال کریں جبکہ صدر راولپنڈی سے آنے والے افراد کرنال شیر خان روڈ استعمال کریں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے جڑے رہیں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان سےافسوسناک خبر،جانی نقصان کی اطلاعات موصول















