اہم خبریں

اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی عوامی اجتماعات پر پابندی عائد

کراچی ( نیوز ڈیسک )اسلام آباد کے بعد، حکومت نے پیر کو کراچی میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے تاکہ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کی کوشش کی جا سکے۔دفعہ 144 سات دن تک نافذ رہے گی۔اس کے علاوہ کراچی میں حکام نے کراچی ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں عام لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ فیصلہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ملیر کے ایس ایس پی کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ کے نزدیکی علاقوں تک بھی رسائی محدود کر دی گئی ہے۔ صرف سفری دستاویزات کے حامل افراد کو ایئرپورٹ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ ایئرپورٹ کے اطراف پانچ مقامات پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

سکیورٹی اہلکار پانچ چوکیوں پر چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دے رہے ہیں اور مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کر رہے ہیں۔ سٹار گیٹ، سی اے اے کلب، میڈم برج، ماڈل موڑ، اے ایس ایف روڈ اور رینجرز چیک پوسٹ پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وقت سے پہلے ہوائی اڈے پر پہنچ جائیں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: آج بروزمنگل19 نومبر2024 پاکستان کے مختلف شہروں میں موسم کیسا رہے گا؟؟

متعلقہ خبریں