اہم خبریں

نئے کرنسی نوٹ آرٹ مقابلہ،کامیاب امیدواروں کا اعلان

لاہور(نیوز ڈیسک )اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے نئی نوٹ سیریز کے آرٹ مقابلے کے فاتحین کا اعلان کردیا اور مقابلے میں خواتین کا غلبہ رہا۔

مقابلے کے نتائج کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے پانچ بینک نوٹ خواتین کے ڈیزائن کیے گئے تھے جب کہ کامیاب قرار دیے گئے 10 بینک نوٹوں میں سے چھ ڈیزائن خواتین نے بنائے تھے۔10، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے بینک نوٹ خواتین نے ڈیزائن کیے تھے جب کہ 20 اور 50 روپے کے نوٹ مردوں نے ڈیزائن کیے تھے۔

 

اسٹیٹ بینک نے آرٹ مقابلہ جیتنے والوں اور شرکاء کو مبارکباد دی ہے۔رنر اپ 500 روپے کا نوٹ بھی ایک خاتون آرٹسٹ نے ڈیزائن کیا تھا جبکہ رنر اپ 10 اور 5000 روپے کے نوٹ مرد فنکاروں نے بنائے تھے۔زیادہ تر ڈیزائنرز نے اپنے نوٹوں کے ورژن میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو شامل کیا ہے، کچھ نے فاطمہ جناح کی تصاویر بھی شامل کی ہیں جنہیں مادر آف دی نیشن کہا جاتا ہے۔

 

ڈاکٹر شیری عابدی نے 10 روپے کے نوٹ کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اسی کرنسی نوٹ کو ڈیزائن کرنے پر مرزا سفیان دوسرے نمبر پر رہے۔آرٹ مقابلے میں جیتنے والے ڈیزائن علامتی ہیں، ماہرین کی ایک کمیٹی کی طرف سے محتاط تشخیص کے بعد، ثقافتی ورثے اور ترقی پسند سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے گئے ہیں۔

جیتنے والے بینک نوٹ بین الاقوامی ماہرین کو بھیجے جائیں گے جو اسٹیٹ بینک کی نئی سیریز کو ڈیزائن کریں گے۔ ماہرین جیتنے والے ڈیزائن کو گائیڈ کے طور پر استعمال کریں گے لیکن بینک نوٹ ڈیزائن کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔
مزید پڑھیں: لاہور میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آگیا

متعلقہ خبریں