اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اپنے استعفے واپس لینے پارلیمنٹ پہنچ گئے ، دروازے بند ملنے پر اسپیکرقومی اسمبلی کے گھرکے باہردھرنا دے دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پاکستان کے 44 اراکین اسمبلی کے استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل بھیجنے کے بعد پی ٹی آئی رہنماپارلیمنٹ ہاؤس پہنچے گئے، جہاں دروازے بند ملنے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرنی چاہی لیکن وہ بھی نہ ہو پائی ، اراکین اسمبلی نے احتجاج کے طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کے گھر کے باہر دھرنا دے دیا۔تحریک انصاف کے اراکین کا کہنا ہے کہ استعفی واپس لینے اور جعلی قائد حزب اختلاف کوہٹانے آئے تھےلیکن اسپیکر ملاقات نہیں کررہے، تحریک انصاف کے رہنماء عامر ڈاگرکی سربراہی میں پی ٹی آئی اراکین نے حکومتی رویے کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔ اس کے بعد پی ٹی آئی رہنما الیکشن کمیشن دفتر پہنچ گئے اور کہا ہم نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو دے دی ہے ،اگر اسپیکر قومی اسمبلی ہمارے استعفیٰ منظور بھی کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست جمع کرا دی۔















