اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کردیا،دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا گیا،الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے طاقت اور دھاندلی سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا،انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے،پہلے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آخرکار15 جنوری کو انتخابات ہوئے لیکن پھر مینڈیٹ چوری کرلیا گیا،الیکشن کے دن صبح دھاندلی شروع ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کہیں پہاڑوں پر نہیں بلکہ یونین کونسل میں ہورہا تھا۔ انتخابی عملے پردباؤ ڈالا گیا،مینڈیٹ چوری ہونے پر جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا،ہرطریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے،مقامی حکومت میں بھی جن کو کراچی والوں نے ووٹ دیا ان کومینڈیٹ نہیں دیا گیا،جماعت اسلامی کی بھی سیٹیں چھینی گئی ہیں۔کراچی کےاس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔















