اہم خبریں

لیول پلیئنگ فیلڈ ملے نہ ملے ہمیں کھیلنا آتا ہے،بلاول بھٹو زرداری

بہاولپور(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ شکار کا موسم ہے اور ہم نے شیر کا شکار کروانا ہے، شیر کا شکار تیر سے ہوتا ہے بلے سے نہیں، ہمارے سوا کسی جماعت کو عوامی مسائل کا احساس نہیں، باقی سیاسی جماعتوں کو صرف کرسی کا شوق ہے، ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن میں گڑبڑ کی، عدالت میں کیس بھی ٹھیک نہیں لڑا۔دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دیتی ہیں، کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیراعظم بنے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کر لیتے ہیں۔دوسرے اِدھر اُدھر دیکھ رہے ہیں، میں عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے، پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو سب کی نمائندگی کرتی ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ہم 8 فروری کو سرپرائز دیں گے، لوگوں کو اپنی الیکشن مہم شروع کرنی چاہیے، غلط فہمی میں نہ رہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے۔ہفتہ کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہو سکتا ہے پی ٹی آئی کو اپنی غلطیوں کی وجہ سے دوسرے نشان پر الیکشن لڑنا پڑے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سب لوگ انتخابی مہم شروع کریں، غلط فہمی میں نہ رہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ایک جیل سے بچنا چاہتا ہے اور دوسرا جیل سے نکلنا چاہتا ہے، ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی ڈرنے اور جھکنے والی نہیں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، سکھر کی طرح ملتان میں بھی صحت کے ادارے بنائیں گے، بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں کو تعلیم اور جو بھی ضرورت ہوگی پوری کی جائے گی، خواہش ہے ہم عوام کے لاڈلے بنیں، عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہی میدان میں ہیں، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، مہنگائی غربت بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے یہ حالات نہیں دیکھے، پاکستان اس وقت ایک مشکل میں ہے، ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوام کو 300 بجلی کے مفت یونٹ دیں گے، ملک بھر میں مفت تعلیمی ادارے بنائیں گے، میں بہاولپور میں بھی امراض قلب کا اسپتال بناؤں گا، عوام کے لیے 30لاکھ گھر بنانا چاہتا ہوں، خان صاحب کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، ہر ضلع میں اسپتال بناؤں گا جہاں شہریوں کا مفت علاج ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، ہمیں پھر ایک منشور کی ضرورت ہے، بے نظیر مزدور کارڈ بھی لے کر آئیں گے، حکومت بنی تو کسان کارڈ سے بھی مالی مدد کریں گے، جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت بنی سب سے زیادہ عوام کو روزگار ملا، بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت غربت کا مقابلہ کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کل الیکشن کا موسم ہے، میں لاہور سے الیکشن لڑرہا ہوں، پنجاب کا وزیراعلیٰ جیالا ہوگا، پیپلزپارٹی سندھ، پنجاب اور ہر جگہ سے جیتے گی، یہ الیکشن ایسے لڑنا ہے جیسے زندگی موت کا مسئلہ ہو۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کو للکارتے ہوئے کہا کہ شیر کے شکار کے لیے بلا نہیں تیر استعمال ہوتا ہے، شکار کا موسم ہے ہم نے شیر کا شکار کروانا ہے، تیر پر ٹھپہ لگا کر ثابت کرنا ہے آج بھی بھٹو زندہ ہے کل بھی بھٹوزندہ تھا۔

متعلقہ خبریں