28مئی، ایٹمی دھماکے کو25 سال ہو گئے، دنیا بھر میں اسرائیل سمیت آٹھ ممالک کے پاس 12500 ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، ہائیڈروجن بم 1945ء کے ’ہیروشیما‘ بم سے 3800 گنا زیادہ تباہ کن ہتھیار بھی شامل ہیںO پی ٹی آئی، درجنوں اہم افراد چھوڑ گئے، صرف ایک دن میں 25 سابق ارکان اسمبلی اور دوسرے افراد نے پارٹی چھوڑیO اسد عمر کی جگہ عمرایوب سیکرٹری جنرل مقررO ’’بشریٰ بیگم بعض اینکر پرسنوں پر پابندی کا مطالبہ کرتی تھیں‘‘ فردوس عاشق اعوانO انقرہ: اردوان تیسری بار ترکی کے صدر منتخب، 52 فیصد ووٹ حاصل کئے، 1990ء سے مسلسل برسراقتدار، 11 واں الیکشن جیتاO جہانگیر ترین، 100 سے زائد اہم سیاست دانوں سے رابطہ، نئی پارٹی کی تیاری، ن لیگ کی پریشانیO دو اینکر پرسن، عمران ریاض اور سمیع ابراہیم بدستور لاپتہO ریلوے کی جعلی ٹکٹوں سے لاکھوں کمانے والا ملتان کا شہری نوید احمد گرفتارO پنجاب پولیس، رات کے وقت سیاست دانوں کے گھروں پر چھاپوں پر پابندیO لاہور: جیل میں خدیجہ شاہ بیمار ہو گئیں، جیل کے کھانے سے پیٹ درد، خدیجہ اور یاسمین راشد ایک ہی بیرک میں بندO گوجرانوالہ: سرکاری زمین پر ناجائز تعمیرات، گوگی اور خاوند احسن کے خلاف مقدمہ درجO امریکہ کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے حکومتی ڈیموکریٹک اوراپوزیشن کی ری پبلکن پارٹی کے رہنمائوں کے مشترکہ اجلاسO جہانگیر ترین: 6 شوگر ملیں، دودھ اور کاغذ وغیرہ کی دوسری فیکٹریوں کے مالک ہیں۔
لیگ پریشان ٭ …گزشتہ روز ’’28 مئی 1998ء‘‘ کو ایٹمی دھماکہ کے 25 سال پورے ہونے پر سلور جوبلی تقریبات منائی گئیں۔ ن لیگ نے ایٹمی دھماکے کا سارا اعزاز نوازشریف کو دیا جنہوں نے دھماکہ کی اجازت دی تھی، البتہ وزیراعظم شہباز شریف نے صاف کہا کہ ایٹمی دھماکہ کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔ 1945ء میں امریکہ نے جاپان کے دو شہروں ’ناگا ساکی‘ اور ’ہیروشیما‘ پر ایٹم بم برسائے تھے۔ ان سے جو ہولناک تباہی پھیلی اس پر بے شمار کتابیں اور مضامین لکھے جا چکے ہیں۔ اس وقت صرف امریکہ کے پاس ایٹمی ہتھیار تھے۔ اب تک آٹھ ممالک کے پاس 12500، ایٹمی ہتھیار جمع ہو چکے ہیں۔ یہ جدید ایٹم بم سائز میں بہت چھوٹے مگر تباہی میں ناگا ساکی والے ایٹم بم سے کئی کئی گنا زیادہ خطرناک ہیں ان میں روس کا تیار کردہ ہائیڈروجن بم بھی شامل ہے جس کی تباہی ’ناگا ساکی‘ والے بم سے 3800 گنا زیادہ ہے۔ یہ بم اتنا خوفناک ہے کہ دہلی پر پھینکا جائے تو لندن اور دوسرے یورپی ممالک کو بھی اپنی زد میں لے لے گا، اس بم سے چاروں طرف اتنی تباہی پھیل سکتی ہے کہ پہاڑ گر پڑیں گے اور سمندروں میں شدید طوفان آ جائے گا۔ اب ایٹمی ہتھیار والے آٹھ ممالک کے نام اور ان کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد پڑھئے سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار 5889، روس کے پاس ہیں، اس کے بعد امریکہ کا نمبر آتا ہے اس کے پاس5244 ہتھیار ہیں۔ دوسرے ممالک کے اعداد و شمار یہ ہیں، چین 410، فرانس 290، برطانیہ 225، پاکستان 170، بھارت 164 اور اسرائیل 90 ہتھیار رکھتا ہے۔ اسرائیل کا معاملہ حیران کن ہے، اس نے خود کوئی ہتھیار نہیں بنایا، امریکہ نے یہ ہتھیار فراہم کئے ہیں۔ اسرائیل اب ایٹم بم تیار کرنے کی اہلیت حاصل کر چکا ہے۔ ایک سوال یہ کہ یہ ہتھیار رکھنے کا فائدہ کیا ہے؟ 1945ء کے بعد کسی ملک کو کسی کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔ ہیروشیما اور ناگا ساکی پر پھینکے جانے والے ایٹم بموں کی تباہی کے اثرات 50 سال بعد تک پھیلے رہے۔ کئی سو کلو میٹر دور تک بے شمار لوگ مختلف مہلک امراض میں مبتلا ہو گئے۔ اب کوئی ملک ان ہتھیاروں کو اس لئے استعمال نہیں کرتا کہ خود اس کا اپنا ملک بھی تباہی کی زد میں آ سکتا ہے۔ پھر ان کے ذخائر کا کیا فائدہ؟ پاکستان بھی بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے باعث ایٹمی دھماکوں پر مجبور ہو گیا تھا۔ بھارت بدنیت ملک ہے اس نے آج تک حقیقی طور پر پاکستان کو قبول نہیں کیا! ٭ …9 مئی کے تلخ واقعات نے پوری قوم کو اعصابی تنائو میں مبتلا کر رکھا ہے۔ عمران خان نے آج تک 9 مئی کے ہولناک واقعات کی کھل کر مذمت نہیں کی، گول مول بیانات آتے رہے۔ ان کی پارٹی چند افراد کے سوا بیشتر اہم افراد سے محروم ہو چکی ہے۔ مزید بہت سے افراد جانے والے ہیں۔ عجیب بات ہے کہ ان تمام جانے والوں فواد چودھری، فیاض الحسن چوہان وغیرہ نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات کی تباہی اور شہدائے کرام کی بے حرمتی پر احتجاج یا مذمت نہیں کی۔ انہیں یہ مذمت 15 یا 16 دنوں کے بعد جیلوں سے رہا ہونے کے بعد یاد آئی۔ 13 سیاسی بھگوڑوں کی بھان متی حکومت جیلوں میں قید ہونے والے سینکڑوں کارکنوں کے ساتھ کیا سلوک کر رہی ہے؟ کہ جیل سے باہر آتے ہی مذمت کرنے اور پی ٹی آئی سے الگ ہونے کی گردان کرنے لگتے ہیں۔ عمران خان کا مسلسل موقف ہے کہ اس نے اپنے کارکنوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کی ہدایات نہیں دی تھیں مگر خان صاحب! یہ کیا اتفاق تھا کہ وڈیو لیکس سے سامنے آنے والی لاہور سے یاسمین راشد اور راولپنڈی سے کنول شوذب نے بالکل ایک جیسے الفاظ اور جملوں سے خواتین اور دوسرے ارکان کو کور کمانڈر ہائوس اور جی ایچ کیو پر اکٹھے ہونے کی ترغیب دی تھی۔ حرف بحرف ایک جیسی ہدایات کہاں سے آئی تھیں!۔ ان خواتین کا نام نہ بھی لیں تو بھی خان صاحب اپنے مزاج کا جائزہ لیں۔ پہلے دھرنے کے دوران اسلام آباد کے ایس پی کو نام لے کر دھمکی، پھر اقتدار سے اترنے کے بعد اسلام آباد کے آئی جی پولیس اور ایک جج کو دھمکیاں کس مزاج کی ترجمانی کرتی ہیں۔ ٭ …جہانگیر ترین 6 شوگر ملوں کے علاوہ گنے کے پھوک سے کاغذ تیار کرنے، دودھ کی مصنوعات تیار کرنے کی فیکٹریوں کے علاوہ دوسرے تجارتی کاروبار کے مالک ہیں۔ ان کا نام ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے چند ناموں میں آتا ہے۔ ذاتی طیارہ ہے۔ برطانیہ میں بھی کاروبار پھیلا ہوا ہے جسے ان کے بیٹے چلا رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے عمران خان کو کامیاب کرانے کے لئے 2018ء میں قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے دوسری پارٹیوں کے بے شمار ارکان توڑے اور عمران خان کو وزیراعظم بنوا دیا۔ پھر کسی معاملہ پر آپس میں بگاڑ پیدا ہو گیا تو جہانگیر ترین نے ہی عمران کے اقتدار کا تختہ الٹا دیا۔ اب عمران خان کی پارٹی تو شدید بحران کی شکار ہے، اس کے باعث پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے لئے اپنی نئی پارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جلد ہی پارٹی کا نام سامنے آ جائے گا۔ اطلاع یہ ہے کہ ن لیگ کا بھان متی کا کنبہ، جہانگیر ترین کے بھان متی کنبہ کو سخت ناپسند کر رہا ہے۔ وجہ صاف ظاہر ہے کہ حکومت ملک میں شدید مہنگائی کے باعث انتخابات میں عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہی ہے۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے بارے میں بھی سخت رویہ اختیار کیا، ڈالر 316 روپے تک پہنچ گیا، برآمدات ختم ہو گئیں، درجنوں کارخانے بند ہو گئے۔ انتخابی جلسوں میں عوام کا سامنا کرنا مشکل ہو گیا اوپر سے جہانگیر ترین کی پارٹی آ گئی تو خاصی تعداد میں ووٹ بٹ جائیں گے۔ تحریک انصاف کا عالم زخمی شیر جیسا ہے، اس سے نمٹنا ہی مسئلہ بنا ہوا ہے اوپر سے جہانگیری پارٹی (فیصل آباد کا مشہور جہانگیری پلائو یاد آ رہا ہے)