اسلام آباد (نیوز ڈیسک)جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس، انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔ آج جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی ۔ پرویز الہیٰ کے وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں اسد عمر، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر لوگوں کی ضمانتیں منظور ہو چکیں ہیں اس لیے پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی جائے جبکہ وکیل مخالف کی جانب سے پرویز الہٰی کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کی گئی۔ جس پر پرویز الہٰی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ پرویز الہٰی ایف آئی آر میں نامزد نہیں اور نہ ان سے کو کوئی چیز برآمد ہوئی یہ گرفتاری شک کی بنیاد پر ڈالی گئی اس لیے انہیں رہا کیا جائے۔ دلائل سننے بعد اے ٹی سی کے جج نے پرویز الہٰی کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ۔















