اہم خبریں

ملک آئین کے تحت چلے گا یاپی ڈی ایم کی خواہش پر جلد فیصلہ ہوجائیگا،شیخ رشید

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جلد فیصلہ ہو جائے گا کہ ملک آئین اور قانون کے تحت چلے گا یا شریفوں اور زرداریوں کی خواہش پر ۔عدالتی حکم پرعمل نہ ہوا توسپریم کورٹ تیسرے وزیراعظم کو بھی گھر بھیج سکتی ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی گاڑی چھوٹ گئی فیصلے کا وقت آ پہنچا، لوگوں کو کیڑے مکوڑے سمجھ کر فیصلے کا حق نہ دینے والے اپنے فیصلوں پر پچھتائیں گے، عمران خان پر 140 مقدمے بن تو سکتے ہیں لیکن وہ نااہل نہیں ہوسکتے اور اگر جیل گئے تو 13 پارٹیوں کا سیاسی جنازہ بھی نکل جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ آئین 90 دن میں انتخاب کا تقاضا کرتا ہے لیکن یہ بضد ہیں کہ آئین اور جمہوریت کو ڈبو دیں گے لیکن الیکشن نہیں کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ناکام، انٹرنیشنل ڈونیشن زیرو، بجلی، گیس، آٹا نایاب، حکومت پر طاقت سے قبضہ، یہ ہے انکا ایجنڈا، اب سپریم کورٹ ہی ملک کو بچا سکتی ہے، حکومت اداروں اور عوام کا ٹکراؤ چاہتی ہے۔سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا 1 سال مکمل ہوگیا، نواز شریف واپس نہیں آیا، گندم 100 فیصد، پٹرول 123 روپے لیٹر اور گھی 200 روپے کلو مہنگا ہوگیا، حکومت مفتی تقی کی بات مان لے اور ملک کو سنگین حالات سے نکالے۔

متعلقہ خبریں