لکی مروت (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی لہر ، لکی مروت تھانہ صدر پر دہشت گردوں کا حملہ ، ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید ہو گئے،ملزمان فرار میں کامیاب ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے لکی مروت کے صدر پولیس سٹیشن پر حملہ کیا اور مدد کے لیے آنے والی ٹیم میں شامل بکتر بند گاڑی کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا جس میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت چار اہلکار سوار تھے جو حملے کے باعث شہید ہو گئے ، حملے میں ملوث تمام دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔حملے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ،جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ حملے سے پولیس سٹیشن کا ایک حصہ گر گیا جس کے باعث چند اہلکار ملبے تلے دب گئے۔شہید اہلکاروں میں کرامت، وقار،علی مرجان جبکہ زخمیوں میں ہیڈ کانسٹیبل فاروق،اصغر،امانت اللہ،عارف ،کانسٹیبل گلتیاز اور سردار علی شامل ہیں۔















