کراچی ( اے بی این نیوز )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گلستانِ جوہر میں حکومتِ سندھ کی جانب سے تعمیر کردہ فلائی اور برج کا افتتاح کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے تختی کی نقاب کشائی کرکے جوہر موڑ اور موسمیات کے درمیان ٹریفک کی بے خلل روانی کے لیے جوہر چورنگی پر تعمیر کیے گئے پُل کا باضابطہ افتتاح کیا اور دعا کی۔ فلائی اوور کو ملک کے معروف فنکار ضیاء محی الدین کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو منصوبے کے متعلق بریفنگ دی۔ جوہر چورنگی پر تعمیر ہونے والے اس پُل کے تعمیراتی کام کو پانچ ماہ کی مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔ جوہر چورنگی پر پُل کی تعمیر سے آٹھ طرفہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی واقع ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سمامہ اور پہلوان گوٹھ کے درمیان بھی بے خلل ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جوہر چورنگی ہی کے مقام پر زیرتعمیر انڈرپاس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے موقع پر اہلِ علاقہ اور پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ جیالوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور جیئے بھٹو، زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے نعرے لگائے۔















