اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کی انچارج افیئرز پینگ چنکسو نے منگل کوفنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ اس بات کا اشتراک کیا گیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان متعدد اقتصادی دوطرفہ تعلقات ہیں۔ دونوں فریقوں نے اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے مشکل وقت میں پاکستان کے لئے چینی قیادت کی حمایت کو سراہا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقتصادی اقدامات سے آگاہ کیا۔ پینگ چنکسو نے حکومت کی جانب سے مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لئے کئے گئے پالیسی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چینی حکومت کی پاکستان کو مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور مزید کہا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ دونوں فریقین نے سی پیک منصوبوں پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کو مزید تیز کرنے کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی تعاون کو تیز کرنے اور بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاونت اور تعاون پر پینگ چنکسو کو سراہا۔















