اہم خبریں

موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے کے لیے حکومت نے کیا منصوبہ بنایا؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔

اسلام آباد(رضوان عباسی)ملک میں سردی کی شدت میں اضافے اور گیس کی طلب بڑھنے کے پیش نظر حکومت نے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کر رکھا ہے، جس کے تحت بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ کل 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کی جانب سے دسمبر 2026 اور جنوری 2027 میں سپلائی کے لیے جاری کیے گئے ٹینڈر کے تحت موصول ہونے والی بولیاں 30 نومبر کو ہی کھولی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ایل این جی کارگو کی ڈلیوری کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے 14 سے 16 دسمبر 2026 کے بجائے 25 سے 26 دسمبر 2026 مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ دوسرے کارگو کی ڈلیوری 9 سے 11 جنوری 2027 کے درمیان برقرار رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ابتدائی طور پر ٹینڈر 18 نومبر کو کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں بولیاں جمع کرانے اور کھولنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 30 نومبر مقرر کر دی گئی تھی۔
حکومت کی جانب سے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کا اقدام سردیوں میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں