اہم خبریں

حکومت کا طلبا کے ٹرپس اور تفریحی دوروں پر اہم فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے طلبا و طالبات کی حفاظت کے پیش نظر سرکاری اور نجی اسکولوں کے تفریحی دوروں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ پنجاب میں طلبا کے ٹرپس پر پابندی عائد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں سے 50 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر کوئی ٹرپ یا ٹور منعقد نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول پابندی کے دائرے میں آئیں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں سے 50 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر طلبا اور طالبات کے تفریحی دورے منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کا بنیادی مقصد اسکولوں کے زیر اہتمام ہونے والے دوروں کے دوران بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق تعلیمی دوروں کے دوران طلبا و طالبات کی سلامتی کے حوالے سے خدشات سامنے آئے ہیں۔ ماضی میں ٹرپس اور تفریحی دوروں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے باعث حکومت نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ بچوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے سربراہان کو نئی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسرز، اسکول پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اس فیصلے کے بعد پنجاب کے اسکولوں میں دوروں اور تفریحی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرتے وقت مقررہ فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ طلبا و طالبات کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں