اہم خبریں

ایران کا امریکا کو بڑا انتباہ، عباس عراقچی کا اہم اعلان

ایران کا امریکا کو بڑا انتباہ، عباس عراقچی کا اہم اعلان

تہران ( اے بی این نیوز) ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی حملہ کیا تو اسے غیر متوقع جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران گزشتہ ایک سال کے دوران ممکنہ فوجی کارروائی کے پیش نظر اپنی دفاعی تیاریوں اور صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتا رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان اور قطر کے ذریعے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے، تاہم سفارتی رابطوں کی رفتار پہلے کے مقابلے میں سست ہوگئی ہے۔

سید عباس عراقچی نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے مختلف تجاویز موصول ہورہی ہیں جن کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی صورت میں ایران جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق ایران کے پاس ایسی مزید دفاعی صلاحیتیں بھی موجود ہیں جن سے امریکا واقف نہیں۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، جبکہ بحری محاذ پر بڑھتا تناؤ اور ناکہ بندی کا معاملہ خطے کی صورتحال کو مزید حساس بنا رہا ہے۔

پاکستان اور قطر اس دوران امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:دلجیت دوسانجھ کا خوفزدہ ہونے سے انکار، مداحوں کے لیے بڑی خبر

متعلقہ خبریں