اسلام آباد ( اے بی این نیوز)ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو 96 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
گروپ بی کے اہم میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 168 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
حسن نواز نے 28 رنز بنائے، جبکہ معاذ صداقت اور کپتان عبدالصمد نے 13، 13 رنز کا حصہ ڈالا۔ اوپنر شمیل حسین 6 رنز بنا سکے۔ فرحان یوسف، عمران رندھاوا اور سفیان مقیم اپنا کھاتہ نہ کھول سکے۔
نیپال کی جانب سے راشد خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 39 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مایان یادیو 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بشیر احمد نے 11 رنز بنائے۔
پاکستانی باؤلرز کے سامنے نیپال کے 9 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، جبکہ 6 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور سفیان مقیم نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران رندھاوا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیپال کے خلاف 96 رنز کی شاندار فتح کے ساتھ پاکستان شاہینز نے گروپ بی سے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
مزید پڑھیں:پنجاب زمین ایپ متعارف، اب گھر بیٹھے حاصل کریں زمین کا ریکارڈ















